تعلیمی پالیسی دی ”دی نیو ڈیل“ کا اعلان‘ پرائمری تک اردو میں پڑھایا جائیگا : عثمان بزدار

Feb 22, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی ”دی نیو ڈیل 2018-23“ کا اعلان کر دیا ہے۔ ”دی نیوڈیل 2018-23 کی افتتاحی تقریب سے عثمان بزدار نے خطاب میں کہا کہ پورے پاکستان میں تعلیم ایسا شعبہ ہے جسے گزشتہ 7 دہائیوں سے وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کا یہ شعبہ متقاضی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم کو مقدم سمجھتی ہے۔ تعلیم ہی ایسا شعبہ ہے جس پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنی نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل دے سکتے ہیں، پنجاب کے 2 کروڑ 80 لاکھ طلبہ کا مستقبل حکومت کی حکمت عملی سے وابستہ ہے۔ قومی زبان ہی موثر ذریعہ ابلاغ ہوسکتی ہے اسی لئے ” دی نیو ڈیل“ کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردو میں تعلیم دی جائے گی اور ”دی نیو ڈیل“ کے تحت انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔ اقبالیات کو نصاب میں شامل کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے۔ مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے رجحانات متعارف کرائے جائیں گے اور یہ ایسے اقدامات ہیں جن کے مفید نتائج سامنے آئیں گے اور اسی طرح امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ”انصاف آفٹرنون سکول“ کا پروگرام تحریک انصاف کا اختراعی منصوبہ ہے اور ”انصاف آفٹرنون سکول“ پروگرام کے ذریعے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے گا، اسی طرح انٹگریٹڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔ لازمی اور مفت تعلیم کیلئے خصوصی ایکٹ میں ضروری ترامیم کریں گے اور سکولوں میں صاف پانی ،جسمانی تربیت اور سپورٹس لازمی ہوں گے۔ ہر بچے کو مخلص اساتذہ کے ذریعے یکساں سہولتوں سے مزئین کلاس روم میسر ہو گا اور ہماری نئی پالیسی کے نفاذکے بعد ہر بچے کو اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہو گا۔ ہر طالب علم کو رنگ و نسل، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر علم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ ہر قسم کے صنفی امتیاز کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہو گی۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں روجھان اور تونسہ سمیت پنجاب کے ہر دور دراز علاقے میں زیرتعلیم بچے کو وہی سہولتیں ملیں گی جو لاہور کے اچھے سرکاری سکول میں دستیاب ہیں۔ نئی تعلیمی پالیسی کے نفاذ کے بعد طبقاتی تعلیم کا خاتمہ ہو گا۔ ایلیٹ پرائیویٹ سکولوں، متوسط نجی سکولوں اور سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم بچوں کے درمیان کوئی طبقاتی تفریق نظر نہیں آئے گا۔ بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے قومی ثقافت اور نظریات کے مطابق تعلیم دی جائے گی تاکہ ہر طالبعلم کو اوائل ہی سے قومی اور سماجی ذمہ داریوں کا ادراک ہو۔ صرف طلبہ پر ہی نہیں اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام لارہے ہیں۔ نئی تعلیمی پالیسی متعارف کرانے کا اعزاز سب سے پہلے پنجاب کو حاصل ہورہا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انتظامی افسران، ٹریفک پولیس حکام، واسا، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔ عثمان بزدار نے ایلیمنٹری سکول گوجرانوالہ کے سٹاف روم کی چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار سے برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی اور بہبود خواتین پینی مور ڈانٹ (Penny Mordaunt) نے ملاقات کی۔ جس میں پنجاب حکومت اوربرطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈیفڈ) کے مابین سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیااورڈیفڈ نے موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈا میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے ڈیفڈ پنجاب حکومت کا بہترین پارٹنر ہے اور موجودہ حکومت ڈیفڈ کے ساتھ شراکت داری کو مزید بڑھائے گی۔ تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر عوام کو سہولتیں دیں گے۔ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے کہا کہ ڈیفڈ پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا اور ہم حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں اپنی معاونت جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بہاولنگر کے سرحدی گاو¿ں سریاں والا میں زنجیروں میں جکڑے ذہنی مریض کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بہاولنگر کی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کو ذہنی مریض خیرمحمد کے علاج معالجے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
عثمان بزدار

مزیدخبریں