پاکستان، ایران کے درمیان ریل نیٹ ورک کی بہتری باہمی مفاد میں ہے، شیخ رشید

Feb 22, 2019

اسلام آباد(خبر نگار)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ملاقات کی اور انہیں ایرانی حکومت کی طرف سے قازوین - رشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا -ایرانی صدر حسن روحانی اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ہونگے۔ تقریب رواں برس چھ مارچ کو منعقد ہوگی۔ دعوت نامہ ایران کے وزیر روڈ اینڈ اربن ڈیویلپمنٹ محمد اسلامی نے دی ہے۔ میزبان ایرانی صدر ہونگے۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ریل نیٹ ورک کی بہتری اور شراکت داری دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے۔ کوئٹہ، تا فتان اور زاہدان ریل ٹریک کو بہتر بنانے کی کوششیں تیز کی جائیں گی - پاکستان ریلوے ایرانی ریلوے مہارت سے استفادہ کریگا۔ تکنیکی ماہرین کی ٹیمیں جلد تشکیل دی جائیں گی۔ایران اور پاکستان اسلام کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہمسائے ہیں۔ مضبوط مذہبی، سماجی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ ایرانی سفیرنے کہا کہ پاکستان ایران کا برادر ملک ہے، تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے شیخ رشید سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ریلوے فریٹ کاریڈور کے لئے بنیادی ڈھانچے پر اتفاق ہوگیاہے۔اس سلسلے میںکراچی پورٹ ٹرسٹ منصوبہ سازی اور لائحہ عمل بنائے گا۔

مزیدخبریں