اسلام آباد (عترت جعفری) وزارت صنعت و پیداوار کے جائنٹ سیکرٹری نعیم خان کو سی ای او پاکستان سٹیل ملز تعینات کردیا گیا ہے۔ انہیں ابتدائی طور پر عارضی بنیاد پر تعینات کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آج جمعہ کو پاکستان سٹیل ملز کے بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ایک پروفیشنل کو سٹیل ملز کا قائم مقام سی ای او لگانے کے معاملہ پر فیصلہ ہونا تھا۔ تاہم حکومت نے اجلاس سے چند گھنٹے قبل وزارت کے ایک جائنٹ سیکرٹری کو قائم مقام سی ای او تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اس طرح سٹیل ملز کے بورڈ کی طرف سے کسی پروفیشنل کو عارضی بنیاد پر سی ای او تعینات کرنے کا معاملہ وزارت سے متصادم ہوگیا ہے یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بورڈ کی ہیومن ریسورس کمیٹی نے 17جنوری کے اجلاس میں مسٹر عاشق علی کو جو بورڈ کے ممبر بھی ہیں سٹیل ملز کا سی ای او لگانے کی سفارش کی تھی جو آج بورڈ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش ہونا تھا۔