بغداد (اے این این )عراق کی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ صحرا الانبار میں سکیورٹی فورسز نے 'داعش' کی باقیات کے خلاف کی گئی ایک فوجی کارروائی میں تنظیم کے پانچ خودٍ کش بمبار ہلاک کردیے۔یہ واقعہ مغربی موصل میں پیش آیا جہاں 'داعش' کے بچ جانے والے جنگجوئوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔عراقی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور داعشی جنگجوئوں کے درمیان 'وادی حوارن' کے مقام پر صحرا میں110 کلو میٹر اندر گھمسان کی جنگ ہوئی جس میں کم سے کم پانچ خود کش بمبار ہلاک ہوگیے ہیں۔ ان میں تنظیم کا مقامی امیر ابو قصورہ الحیانی بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونیوالے داعشی جنگجوئوں نے خودکش جیکٹیں پہن رکھی تھیں۔مغربی الانبار میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف ایک جھڑپ میں متعدد جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کیساتھ ساتھ انکی متعدد گاڑیوں کو بھی نذرآتش کردیا۔ عراق کے شہر موصل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق داعش کے پانچ خود کش بمبار گھات لگا کر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ انہیں دہشت گردی کی کارروائی سے قبل ہی ہلاک کردیاگیا۔ داعش کے خود کش بمبار شمال مغربی موصل کے بادوش کے مقام پر ہلاک کیے گئے۔