اسلام آباد( اسٹاف رپورٹر)حکومت پاکستان جرمنی کے شہر ہناو میں حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اورکئی افراد زخمی ہوگئے۔دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام جرمنی کے ساتھ ہیں ۔ ہم اس اندوہناک واقعے میں ترک شہریوں کے جاں بحق ہونے پرترکی کی حکومت کے ساتھ بھی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ اسلام اور غیر ملکیوں سے دنیا میں نفرت کے بڑھتے ہوئے رجحان اور نسلی بنیاد پر تعصب کے رویوں میں اضافے پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔ اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر اس اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ متشددانہ انتہاپسندی کا کوئی خاص مذہب، نسل یا شہریت نہیں ہوتی۔ نفرت تعصب کی سوچ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ نفرت پر مبنی جرائم کی وجہ بننے والے محرکات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ پاکستان جرمنی اور دیگر تمام ہم خیال ریاستوں کے ساتھ مل کر اسلام سے نفرت کے رویہ پر قابو پانے اور اس کے تدارک میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دنیا میں بین المذاہب اور مختلف تہذیبوں میں ہم آہنگی فروغ پائے اور دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کے کئی حصوں میں اسلاموفوبیا، زینوفوبیا اور نسلی نفرت کی بڑھتی ہوئی لہر پر تشویش ہے۔ ان حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ انتہا پسندی کی کوئی نسل، علاقہ یا قومیت نہیں، نفرت کی آئیڈیالوجی کو ختم کرنے کے لئے مل کر کوششوں کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہیں، نفرت پر مبنی جرائم کی وجوہات کو بھی ختم کرنا ہوگا، پاکستان اسلاموفوبیا کے انسداد کے لئے جرمنی اور دوسرے ہم خیال ممالک کے ساتھ شراکت داری کے لئے تیار ہے، مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان یگانگت کو فروغ دینا ہوگا۔
اسلاموفوبیا‘ نسلی بنیاد پر بڑھتے تعصب پر گہری تشویش ہے: پاکستان
Feb 22, 2020