اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب ہم نے بھی سپیکر کو خط لکھا ہے کہ آٹا، چینی چوروزیراعظم پارلیمان سے لاپتہ ہے، اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا سپیکر کو خط لکھا ہے کہ آٹا چینی چورکابینہ کے چور وزیراعظم کو ایوان میں بلایا جائے۔ پاکستان کی 73 سالہ تاریخ کا سب سے نالائق، نااہل، جھوٹا اور چور وزیراعظم پارلیمان میں طلب کیا جائے، جس جھوٹے وزیراعظم نے پارلیمان میں ہر ہفتہ جواب دینے کا وعدہ کیا تھا ایوان سے مفرور ہے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا سپیکر کو خط لکھا ہے کہ آٹا چینی چورکابینہ کے چور وزیراعظم کو ایوان میں بلایا جائے۔ کاروبار چور، روزگار چور، ڈالر چور، ترقی چور، تعلیم چور، صحت چور وزیراعظم کو ایوان میں بلائیں۔ عمران خان وزیراعظم کی تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں لیکن ایوان سے غائب ہیں۔ ایوان میں لوٹوں کی چھانٹی کرائی جائے۔ معلوم ہو کہ مشرف کے لوٹوں کی کتنی تعداد ہے۔ پارلیمنٹ سے استعفی دینے، اس پر حملہ کرنے والوں کی تنخواہیں اور مراعات واپس کی جائیں۔ سپیکر کو خط لکھا ہے کہ ترقی کی شرح 1.9 اور مہنگائی 14 فیصد کرنے والے نالائق وزیراعظم کو ایوان میں حاضر کیا جائے۔ ملک میں کاروبار، روزگار اور روٹی چوری کرنے والے نااہل وزیراعظم کو ایوان میں طلب کریں۔ انہوں نے کہا فارن فنڈنگ اور23 غیرقانونی اکائونٹس رکھنے والے کرپٹ وزیراعظم کو ایوان میں طلب کیا جائے۔ این این آئی کے مطابق طلال چودھری نے کہا کہ پشاور میٹرو کے 150ارب کے کھڈے کھودنے والا چور وزیراعظم پارلیمان میں لایا جائے، اٹھارہ ماہ میں 12ہزار ارب کا تاریخی قرضہ لینے والا وزیراعظم پارلیمان میں حاضر ہو ،فواد چوہدری صاحب چور، نالائق، نااہل وزیراعظم آپ کو مل جائے تو سپیکر کے حوالے کردیں۔