انور منصور خان نے متنازعہ بیان پر سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی

Feb 22, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے متنازعہ بیان پر سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔ انور منصور خان نے عدالت عظمی میں تحریری معافی نامہ جمع کردیا ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ عدالت کی عزت و وقار اور ساکھ کے خلاف بیان کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ایک صفحے کے تحریری معافی نامہ میں سابق اٹارنی جنرل نے غیر مشروط معافی طلب کرتے ہوئے اٹھارہ فروری کے متنازعہ بیان کو واپس لینے کی استدعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں اور ایسے کسی بیان کا سوچ بھی نہیں سکتے جس سے عدلیہ کی تکریم پر حرف آئے۔ واضح رہے کہ اٹارنی جنرل نے صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر کی آئینی درخواستوں کی سماعت کے دوران دس رکنی فل کورٹ بینچ پر جانبدار ی کا الزام عائد کیا تھا اور کہا کہ بینچ کے کچھ ججوں نے پٹیشن مرتب کرنے میں جسٹس قاضی کی معاونت کی ہے۔

مزیدخبریں