پاکستان مشکل سے نکل چکا، مزید خوشخبریاں ملیں گی، عمران: مستحقین میں گائے، بھینسیں، بکریاں تقسیم

اسلام آباد‘ لیہ‘ مظفر گڑھ‘ کوٹ سلطان (وقائع نگار خصوصی‘نمائندگان)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ہم گذشتہ حکومتوں کے لئے گئے قرضوں کی اقساط بروقت واپس نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ پاکستان مشکل وقت سے نکل چکا ہے، قوم کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، 80 ہزار لوگوں کو ہر ماہ بلاسود قرضے اور 50 ہزار غریب نوجوانوں کو ہر سال سکالرشپس دیں گے۔ خواتین کو ایک گائے، ایک بھینس اور تین بکریاں دی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنا گھر چلا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ماہ 80 ہزار لوگوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ کمزور طبقہ کے نوجوانوں کیلئے ہر سال 50 ہزار سکالرشپس دیئے جائیں گے۔ تعلیم، صحت، انصاف اور تھانوں کا نظام بہتر بنا رہے ہیں، ملک بھر میں مزدور اور غریب طبقہ کو چھت اور خوراک کی فراہمی کیلئے پناہ گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں، غریب اور امیر کیلئے یکساں نصاب لا رہے ہیں، اساتذہ کیلئے جزا اور سزا کا نظام لایا جا رہا ہے ۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں ’’احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام‘‘ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جس نظریہ پر قائم ہوا تھا وہ آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، وہ فلاحی ریاست کا تصور تھا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنائیں، پاکستان کی اب تک کی ہونے والے ترقی میں امیر، امیر تر ہوتا گیا جبکہ غریب اپنی جگہ پر اسی طرح رہا، یہ فاصلہ بڑھتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس صورتحال میں ترقی نہیں کر سکتا، مدینہ کی ریاست نبی اکرمؐ نے اسی اصول کی بنیاد پر بنائی اور لوگوں کو غربت سے نکال کر مسلمانوں کو ایک عظیم قوم بنایا۔ چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، اس لئے وہ عظیم ترین ملک بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی احساس پروگرام شروع کیا گیا، کمزور طبقہ کیلئے کفالت کارڈ کا آغاز کیا گیا ہے جس سے ان کو براہ راست رقم مل رہی ہے جس سے وہ اپنی اشیاء ضروریہ خرید سکتے ہیں، کمزور طبقہ کو ہنرمندی کے آلات دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں مزدور اور بے سہارا طبقہ کیلئے پناہ گاہیں بنائی جا رہی ہیں جہاں انہیں کھانا، پینا اور رہائش مفت فراہم کی جائے گی، اب تک 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی جگہ ایسی نہ ہو جہاں کوئی غریب چھت نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر سوئے، ہم وہ پاکستان بنائیں گے جہاں کوئی بھوکا اور سڑک پر نہیں سوئے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم عدالت میں غریب افراد کو انصاف کی فراہمی کیلئے قانونی معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام میں سب سے بڑا انقلاب آ رہا ہے، پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دیئے جا رہے ہیں، اب تک 50 لاکھ افراد کو یہ کارڈز مل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والی مشینری پر درآمدی ڈیوٹیز ختم کر دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ صحت کے نظام کے ساتھ ساتھ تعلیم کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے، سرکاری سکولوں کا بگڑا ہوا نظام درست کرنے جا رہے ہیں، غریب اور امیر کیلئے یکساں نصاب لا رہے ہیں، یہ آسان کام نہیں ہے، اس کو درست کرنے میں وقت لگے گا، ہم چاہتے ہیں کہ اساتذہ کیلئے سزا اور جزا کا نظام ہو، جو اساتذہ سکولوں میں نہیں آتے انہیں فارغ کرکے ان کی جگہ پر ایسے نوجوان بھرتی کئے جائیں جو بچوں کو پڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا نظام بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، تھانوں پر لوگوں کو اعتماد نہیں ہے، عام آدمی کو تھانوں سے تحفظ نہیں ملتا، نئے آئی جی پنجاب کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ضلع میں چھوٹے کی بجائے بڑے مجرموں کو پکڑیں، نبی اکریمؐ کے فرمان کا مفہوم ہے کہ بڑی قومیں اسی لئے تباہ ہوئیں کہ کمزور اور طاقتور کیلئے انصاف کے الگ الگ نظام تھے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ظالموں، ڈاکوئوں اور قاتلوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالیں تو چھوٹے خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی جی نے یہ کام شروع کر دیا ہے جس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل آیا ہے، جب ہم اقتدار میں آئے تو اس وقت پاکستان نے جو قرضے لئے ہوئے تھے اگر ان کی اقساط واپس نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، مہنگائی دوگنا ہو جاتی، پاکستان اس مشکل وقت سے نکل گیا ہے تاہم ابھی بھی بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ملک درست گامزن ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ ایک سال میں 75 فیصد کم ہوا ہے، روپیہ مستحکم ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے ، بیرونی سرمایہ کاری شروع ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جو کچھ بھی ہیں اپنی ماں کی وجہ سے ہیں، ہم نے پاکستان کی مائوں کی مدد کرنی ہے تاکہ وہ خود اور اپنے خاندان کو معاشی طور پر مستحکم کر سکیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے مستحقین میں بھینسیں، گائے اور بکریاں بھی تقسیم کیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نئے آئی جی پنجاب کو سب کے سامنے مبارک دینا چاہتا ہوں، آئی جی کو کہا بڑے بڑے بد معاشوں کو پکڑیں۔ پنجاب کے نئے آئی جی سے کہتا ہوں کہ بڑے بڑے بدمعاشوں کو پکڑیں، جو بڑے ایوانوں میں بیٹھے ہیں، اگر پولیس بڑے چوروں کو پکڑے گی تو چھوٹے چور خود ٹھیک ہو جائیں گے۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن احساس پروگرام ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ آج احساس کے ڈھانچے پر نیا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اثاثہ جات جس میں مویشی، زرعی آلات ، چنگ چی رکشہ باڈی شامل ہیں چھوٹے دکانداروں اور چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے آلات بھی شامل ہیں، پروگرام چاروں صوبوں میں23 اضلاع کی375 دیہی یونین کونسلوں میں شروع کیا جا رہا ہے ،15 ارب روپے مالیت کے پروگرام سے 14 لاکھ 50 ہزار افراد مستفید ہونگے جبکہ پروگرام 60 فیصد خواتین،30 فیصد نوجوانوں کو آمدن کے مواقع فراہم کرے گا۔ تقریب میں مقامی گلوکار نوکر حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی 44سالہ زندگی میں پہلا وزیراعظم دیکھا ہے، جس نے اپنے ساتھ غریبوں کو بٹھانا گوارہ کیا ہے۔ نوکر حسین نے وزیر اعظم عمران خان کیلئے اپنی جانب سے نظم بھی پیش کی۔ نوکر حسین لیہ کی غریب آبادی میں گانے گا کر روزگار کماتا تھا، اب احساس پروگرام سے تین بکریاں لی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی میڈیاکو انٹرویو میں کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ملکی قیادت مختلف تجربہ ہے۔ پاک بھارت تعلقات میں کشمری سے بڑی رکاوٹ کا حق خورارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ بھارت طاقت کے زور پر مسلم اکثریتی ریاست پر قبضہ کیا۔ نہرو نے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا۔ جس پر عمل نہیں ہوا۔ نریندر مودی ہوتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل ہوتا نظر نہیں آتا۔ پاکستان کا سیاسی اشرافیہ کرپٹ تھا اس لئے سیاست میں آیا۔ سیاسی مافیا کے خلاف لڑ رہا تھا اس لئے اقتدار لینے میں 22سال لگے۔ وزیراعظم عمران خان نے مظفر گڑھ میں رجب طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ کا افتتاح کر دیا۔ میانوالی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی 23فروری کومیانوالی دورہ کی استقبال کی تیاریں مکمل کرلی گئی ہیں ، انتظامیہ نے پروگرام کوحتمی شکل دیدی ہے ۔ سیکورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ عمران خان کل صبح 9بجے ہیلی کاپٹر کے زریعے ہیلی پیڈ کندیاں موڑ پھاٹک پر اتریں گے ،جہاں پر وزیر اعظم عمران خان کلین اینڈ گرین پنجاب کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم عمرا ن خان 11بجے بذریعہ ہیلی کاپٹر پر نمل کالج روانہ ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان نے مظفر گڑھ۔ ڈیرہ غازی خان دورویہ سڑک کا بھی افتتاح کیا۔ مزید برآںوزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر سے وزیر اعظم ہائو س میں ملاقات کے دوران کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...