کراچی (اسپورٹس رپورٹر)دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں سابق آسٹریلوی فاسٹ بالر سائمن ٹوفل، سابق ویسٹ انڈین ٹیسٹ کرکٹر کرٹلے امبروز،کمنٹریٹر بیری ولکسن نے یاسین آباد میں واقع عمیر ثناء فائونڈیشن کا دورہ کیا اور تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا،کرکٹرز نے ڈے کیئر سینٹر میں زیر علاج بچوں سے فرداً فرداً ملاقاتیں کی اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے.اس موقع پر معروف اینکرز مدیحہ نقوی ،شفاعت علی ،عمیر ثناء فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف انصاری،سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب انصاری،ڈاکٹر سید راحت حسین اور دیگر بھی موجود تھے.بعد ازاں سائمن ٹوفل نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لئے خون کا عطیہ بھی دیا.قبل ازیں ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر ثاقب انصاری نے مہمانوں کو ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثناء فائونڈیشن کی جملہ سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ عمیر ثناء فائونڈیشن گزشتہ پندرہ سال سے نہ صرف تھیلے سیمیا کے بچوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے بلکہ ملک سے اس مرض کے خاتمے کے لیے بھی جدوجہد کر رہی ہے.میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ سابق کرکٹرز اور کمنٹریٹر کا کہنا تھا کہ تھیلیسمیا ایک موروثی مرض ہے ، جس کی روک تھام کے لئے نوجوان نسل کو آگے آکر نہ صرف یہ کہ کردار ادا کرنا پڑے گا بلکہ ان بچوں کی زندگیوں کو برقرار رکھنے کے لیے خون کا عطیہ بھی کرنا پڑے گا.انہوں نے کہا کہ کراچی آکر اور تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی،پاکستانیوں کو ایسے بچوں کے بارے میں سوچنا چاہییاوراس مرض کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنی چاہیے.انہوں نے پاکستانی شہریوں سے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کی بھی اپیل کی.