مکہ کی رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی کی لپیٹ میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکۃ المکرمہ کے علاقے العتیبہ میں واقع ایک فلیٹ خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔چار منزلہ فلیٹوں کی عمارت میں بھڑکنے والی آگ نے 30 سالہ نوجوان کی جان لےلی، آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والے نوجوان سے متعلق تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی۔شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن عثمان القرنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو اہلکار اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے اور اہلکاروں کے ساتھ اسنارکل بھی ساتھ لے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔کرنل محمد بن عثمان نے بتایا کہ تاحال خوفناک آتشزدگی کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے البتہ شہری دفاع کے اہلکار عمارت میں آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام شہری فلیٹوں میں حفاظتی آلات کی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔خیال رہے کہ 17 فروری کو مکہ کے علاقے شرائع المجاہدین میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 9 افراد محصور ہوگئے تھے تاہم ریسکیو اہلکاروں نے محصور افراد کو باحفاظت آگ سے نکال لیا تھا۔