کراچی (وقائع نگار) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں جیو ٹی وی پر حملے کا نوٹس لے لیا اور ٹی وی انتظامیہ کو فون کر کے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری زندگی میڈیا کی آزادی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا کی آواز کو دبانے نہیں دیگی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز قوم پرست جماعت کے کارکنوں کی جانب سے جیو ٹی وی کیخلاف سندھ اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا اور بعدازاں مظاہرین ریلی کی صورت میں نجی ٹی وی کے ہیڈ آفس کی مرکزی عمارت پرپہنچ گئے۔ مظاہرین نے نجی ٹی وی کے مین استقبالیہ کے شیشے توڑ دیئے، مشتعل کارکنوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے سکیورٹی افراد اور دیگر عملے سے بد سلوکی اور گالی گلوچ بھی کی اور سینکڑوں مشتعل کارکن نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دے کر بیٹھ گئے، مظاہرین کی جانب سے احتجاج ایک پروگرام میں متنازع بات کے خلاف کیا گیا۔ صوبائی وزیر ناصر حسین اور پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان اور رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی بھی نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرین کے پاس پہنچے اور سید ناصرحسین شاہ نے مظاہرین سمیت نجی ٹی وی کی انتظامیہ سے مذاکرات کیے۔ اس موقع پرسید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جیو کے دفتر پر جو کچھ بھی کیا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں جو بھی ملوث ہے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ احتجاج پر امن طریقے سے سب کا حق ہے کسی پر ناگوار بات گزری ہے یا دل آزاری ہوئی ہے تو پرامن احتجاج کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیا ہے جو بھی نقصان ہوا ہے حکومت ازالہ کرے گی۔ تمام لوگوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔ ایف آئی آر بھی ہوگی اور ایکشن بھی ہوگا۔ جیسے نجی ٹی وی کی انتظامیہ چاہے گی ایکشن لیا جائے گا۔ ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھی قوم تاریخی قوم ہے۔ سندھی قوم اور سندھ کی توہین نہیں ہونے دیں گے۔ اگر کسی کے ذہن میں یہ بات ہے تو نکال دے۔ کسی کے انفرادی فعل کو پورے ادارے کا ذمہ دار نہیں قرار دیا جا سکتا۔ جبکہ نجی ٹی وی نے واقعے پر اسی وقت ہی معذرت کر لی تھی۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل بھی کی۔ ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ شرپسند ہیں ان کی نشاندہی کی جائے گی۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی جبکہ واقعے پرآئی جی سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے وقوعے کی تمام تر تفصیلات سمیت ضروری پولیس کارروائی پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کر کے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز، وفاقی وزیرفیصل واوڈا، مہاجر قومی موومنٹ کے آفاق احمد و دیگر سیاسی و سماجی جماعت کے رہنمائوں سمیت کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری، کراچی پریس کلب رضوان بھٹی، کراچی ڈیسک ایڈیٹرزکے ذاکر اعوان نے بھی واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ میڈیا ہاؤسز کو سکیورٹی دینا حکومت کا کام ہے۔ ان تمام رہنمائوں نے بھی نجی ٹی وی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
میڈیا کی آواز دبانے نہیں دینگے‘ وزیراعلیٰ سندھ: جیو انتظامیہ کو فون
Feb 22, 2021