قلندرز نے زلمی: یونائیٹڈ نے سلطانز کو ہرادیا

لاہور+کراچی (حافظ محمد عمران، قمر خان، منیر بھٹی، نمائندہ سپورٹس، سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل 6 کے دوسرے روز لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ لاہور قلندرز نے  141 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد حفیظ نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اوپنر فخر زمان 15 کپتان سہیل اختر نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، آغا سلمان کو عماد بٹ نے 21 رنز پر پویلین روانہ کیا۔بین ڈنک 22 رنز بنا کر وہاب ریاض کا نشانہ بنے، سمیت پٹیل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ راشد خان 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے دو، دو وکٹیںجبکہ مجیب الرحمان اور عماد بٹ ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ اس سے قبل لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پشاور زلمی نے لاہور قلندر کو جیتنے کیلئے 141 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پشاور زلمی کے اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے باز بری طرح ناکام ہوئے، اوپنر امام الحق صفر، کامران اکمل 5، مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، شعیب ملک نے کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کے سکور کو قابل قدر مجموعے تک پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 26 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ شیرفین ردر فورڈ اور روی بوپارہ نے سکور کو تیز کیا اور میدان کے چاروں اطراف دلکش سٹروک کھیلے، زلمی کے شیرفین ردر فورڈ 26 رنز بناکر پویلین لوٹے، دونوں کے درمیان 64 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ رہی۔ روی بوپارہ 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ زلمی نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین ‘سلمان مرزا نے دو جبکہ ڈیوڈ ویزے نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آج ایک میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ کل منگل کو  بھی ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔ یہ میچ بھی شام سات بجے شروع ہوگا۔ دوسرے میچ میں لڑکھڑاتے لڑکھڑاتے اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتح حاصل کرلی۔ گریگری کی بیٹنگ نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ملتان سلطانز سے فتح چھین لی۔ محمد رضوان نے جہاں سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ختم کی تھی وہیں سے پاکستان سپر لیگ کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری سکور کر کے اپنی افادیت ثابت کی ہے۔ پھر سرفراز احمد پر اپنی برتری ثابت کی ہے۔ یونائیٹڈ کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا، ایلیکس ہیلز نے انتیس رنز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز مزاحمت کرنے میں ناکام رہا۔ تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے شکست دیدی ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کے نو منتخب کپتان اور ان فارم بیٹسمین محمد رضوان کی71 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 150 رنز بنائے۔ محمد وسیم نے تین اور گریگوری نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151 رنز کا ہدف سات وکٹوں پر پورا کرلیا جبکہ ایک اوور باقی تھا۔لیوس گریگوری نے ناقابل شکست49رنز بنائے الیکس ہیلز 29اور فہیم اشرف 22رنز بناکر نمایاں رہے۔ شاہد آفریدی اور کارلوس بریتھویٹ نے دو دو کھلاڑیوںکو آئو ٹ کیا۔ لیوس گریگوری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن