مٹھی (رپورٹ: نندلال لوہانہ) این اے 221 تھرپارکر کے ضمنی الیکشن میں پی پی کا امیدوار کامیاب ہو گیا۔ 318 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی کے امیدوار امیر علی شاہ ایک لاکھ 3502 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے نظام الدین 50 ہزار 553 ووٹ حاصل کر سکے۔ قبل ازیں ڈویژنل کمشنر میرپور خاص عبدالوحید شیخ نے چھاچھرو کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول میں قائم پولنگ سٹیشن میں آگ لگ گئی۔ ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار کا کہنا ہے کہ آگ حادثاتی طور پر لگی ہے۔ آگ لگنے سے بیلٹ باکس جل گئے لیکن بیلٹ پیپر محفوظ رہے۔ پولنگ کا عمل متاثر ہوا ہے۔ الیکشن کمشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار نظام الدین راہموں نے الزام عائد کیا ہے کہ کیسرار پولنگ سٹیشن پر دھماکہ کیا گیا۔ سندھ پولیس ڈی ایس پی کی نگرانی میں میرے مخالف کی مدد کر رہی ہے۔ میرے ایجنٹ گرفتار کئے گئے اور میرے ووٹرز کو بھگایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور الیکشن کمشن واقعے کا نوٹس لیں۔ چھاچھرو میں شرپسندوں نے بیلٹ باکس سمیت دیگر سامان جلا دیا۔ پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔