جامع مسجد عائشہ سوداگران  میں عظمت قرآن کانفرنس

کراچی (نیوز رپورٹر)مدیرجامعہ دار القرآن فیصل آباد پنجاب کے ممتاز قاری القراء مولانا قاری محمد یاسین نے جامع مسجد عائشہ ؓ  سودا گران سوسائٹی میں عظمتِ قرآن کانفرنس اور 23حفاظ کرام کے اعزاز میں دستار فضیلت کی روح پرور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی عظمت و رفعت کے تذکرے قیامت کی دہلیز تک بپا ہوتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ ابو بکر صدیق ؓ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کو جس محنتِ شاقہ سے قاری      محمد اکرم و دیگر اساتذہ نے قرآن مجید کی انمول تعلیم دی ہے اس پر میں اساتذہ کرام اور حفاظ کرام کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مولانا قاری محمد یاسین، مولانا عزیز الرحمٰن اور مولانا قاری احسان الحق نے اپنے دستِ مبارک سے حفاظ کرام کی دستار بندی کی۔ بعد ازاں مسجد ہذا کے امام و خطیب و مدرسہ ابو بکر صدیق ؓ کے ’’مدیر و منتظم اعلیٰ‘‘ قاری محمد اکرم نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں حفاظ کرام کے ا ستادالاساتذہ قاری محمد یاسین اور ہماری مسجد سے ملحقہ تمام مساجد و مدارس سے آ ئے ہوئے اساتذہ کرام، حفاظ کرام اور معزز و محترم سامعین کرام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس قرآنی محفل میں شرکت فرماکر ہماری اور مسجد انتظامیہ کے حوصلوں کو اک نئی جلا بخشی ہے اس موقع پر مولانا عزیز الرحمٰن رحیمی نے حفاظ کرام کو تعلیمی و دینی نصیحت فرماتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کو اپنے سینے میں لفظ بہ لفظ محفوظ کرلینا بڑی سعادت مندی کی بات ہے انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے معانی و مطالب اور اسکے مآخذ سے استفادہ حاصل کرنا بھی حفاظ کرام کیلئے کمال ہنر مندی سے کم نہیں ہے ہمیں چاہیے کہ ہم من حیث القوم قرآن مجید کو با ترجمہ و تفسیر سے پڑھیں تاکہ ہمیں قرآن مجید میں بتائیے گئے ہزاروں مسائل سے آگاہی ہوسکے۔ 

ای پیپر دی نیشن