کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی ڈویژن کے حلقہ پی ایس 115 سے تحریک لبیک پاکستان کے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری نے حلقہ پی ایس 115 سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں حلقہ کے مسائل پر جان بوجھ کر آنکھیں بند رکھنے والی سندھ حکومت کے رویہ پر کہا کہ حکومت سندھ کو چاہیے کہ وہ حلقہ پی ایس 115 کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے کیوں کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت تحریک لبیک کی مخالفت میں اندھی ہو چکی ہے۔ وہ تحریک لبیک کی فتح کا بدلہ حلقہ کی غریب عوام سے نہ لے۔ حلقہ پی ایس 115 کے عوام بھی سندھ کے شہری ہیں۔ انکو بھی سندھ کے باقی شہریوں کی طرح یکساں حقوق فراہم کیے جائیں۔انہوں نے وفاقی حکومت اور بلدیاتی اداروں کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بھی اپنے ایم این ایز کو نوازنیمیں لگی ہے جو اپنے من پسند علاقوں میں کام کرواتے ہیں جبکہ حلقہ 115 کے عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ بلدیاتی اداروں کی جانب سے بھی عدم تعاون کے مسائل ہیں۔مفتی قاسم فخری نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مہمان وفد کو یقین دہانی کروائی کہ اہلیان حلقہ 115 کی عوام کو وسائل کی کمی کے باوجود تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
حلقہ پی ایس 115 سے ناروا سلوک بند کیا جائے‘ مفتی محمد قاسم فخری
Feb 22, 2021