اجتماعی کوششوں سے کرپشن فری پاکستان کے خواب کو یقینی بنایا جا سکتا ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمن نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے کوششوں میں تیزی لائی ہے۔ اجتماعی کوششوں سے بدعنوانی کے خاتمے اور کرپشن فری پاکستان کے خواب کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین  نیب نے کہا کہ نیب افسروں کو قانون کے مطابق اپنے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ کرپشن کا خاتمہ قومی فریضہ سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب سارک کے تمام ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی فعال انسداد بدعنوانی  کی حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انسداد بدعنوانی کی اس موثر حکمت عملی کی بنا پر، نیب نے714  ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ نیب نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن