لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے 2 برس کے دوران لاہور میں 10 لاکھ سے زائد درخت لگائے ہیں جبکہ سابق دور میں درختوں کو بے دریغ کاٹا گیا اور سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث لاہور سمیت پنجاب میں آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ اینٹوں اور سیمنٹ کا جگہ جگہ استعمال کرکے قدرتی حسن کو تباہ و برباد کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ انہی حکمرانوں کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث سموگ کا مسئلہ سنگین ہوا۔ لاہور میں 51 مقامات پر میاواکی کی ٹیکنیک کے ساتھ مصنوعی جنگلات بنانے کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد لاہور دوبارہ باغوں اور پھولوں کا شہر بنے گا۔ دفتر میں بیٹھ کر کام کرنے کا عادی نہیں۔ حقیقی ترقی کیلئے آن گراؤنڈ مسائل کا ادراک بے حد ضروری ہے- انہوں نے کہاکہ پنجاب میں گورننس کا ماڈل بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہری مسائل اور عوامی ضروریات پر گہری نظر ہے- پنجاب کے تمام تر اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکیج تشکیل دئیے جارہے ہیں۔ اضلاع کی ترقی کے عزم پر کاربند ہیں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔