الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے۔ الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جانب سےٹیکنوکریٹ کی نشست پر حصہ لینے امیدوار سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سیف اللہ ابڑو نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے، ان کے اثاثوں میں اچانک کئی گنا اضافہ ہوا، ریٹرننگ افسر نے سنے بغیر ہی سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم اور سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔
الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہ سیف اللہ ابڑو سینیٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ سیف اللہ ابڑو کے خلاف اپیل میں لگائے گئے اعتراضات ثابت ہوگئے۔ سیف اللہ ابڑو ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں۔
سیف اللہ ابڑو کیخلاف اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔ سیف اللہ ابڑو کے اثاثوں میں اچانک کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ دائر درخواست کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے سنے بغیر سیف اللہ کے کاغذات نامزدگی منظور کيے تھے۔
پی ٹی آئی ایم پی اے خرم شیر زمان نے بھی سیف ﷲ ابڑو کو ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سیف ﷲ ابڑو سال 2018 میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے، جب کہ متعدد رہنما ایسے بھی ہیں جو سالہاسال پارٹی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔