وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت کی کارکردگی،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اورخود مختار میڈیکل انسٹیٹیوشن ایکٹ میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے دسمبر2021تک پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کارڈ دینے کا فیصلہ کیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے- پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا-یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریو ں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر آئیں گی-انہوں نے کہاکہ صوبے میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالو ں کادائرہ کارمزید بڑھائیں گے-راجن پور،لیہ، اٹک اور سیالکوٹ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کاجلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا-انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومت نے ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دور دراز علاقوں کو یکسر نظر انداز کیاجبکہ ہماری حکومت پسماندہ علاقوں میں جدید ہسپتال قائم کررہی ہے-عوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایکٹ میں ضروری ترامیم کی اصولی منظوری دے دی -ترامیم سے میڈیکل انسٹی ٹیوشن میں پرنسپلز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی تقرری کے طریقہ کار اور دیگر امور کو سٹریم لائن کیاجاسکے گا-موثر مانیٹرنگ سے ہسپتالوں او رمیڈیکل انسٹی ٹیوشن کی کارکردگی میں بہتری آئے گی جبکہ ورک چارج ملازمین کی تقرری کے حوالے سے بھی امور کو بہتر بنایا جا سکے گا-اجلاس میں وزیراعلیٰ کو محکمہ صحت کی کارکردگی اور یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی-وزیراعلیٰ کو خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایکٹ میں ترامیم کے بارے میں بھی بریف کیا گیا-صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ صحت کی کارکردگی،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اورخود مختار میڈیکل انسٹیٹیوشن ایکٹ میں ترامیم کا جائزہ
Feb 22, 2021 | 20:10