سینٹ الیکشن:گیارہ جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی کوکامیابی سے نہیں روک سکتیں:فردوس عاشق

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسکہ گزشتہ چار دہائیوں سے لاقانونیت، غنڈہ گردی اور منشیات کاسومنات بنا ہوا تھا جسے ڈسکہ کے عوام نے بہادری، جراء ت اور دانش مندی سے ووٹ کی طاقت سے بالآخر توڑ ڈالا ہے اور عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جن لوگوں نے قانون کو ہاتھ میں لے کر بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلا ہے وہ کن کے ساتھ کھڑے ہیں اور کون انہیں سپورٹ کر رہا ہے یہ کیمرے کی آنکھ نے میڈیا کے ذریعے عوام کو دکھا دیا ہے
        انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام نے مریم نواز کی میجر سرجری کر دی ہے باقی رہا ان کے تھائیراڈ کا مسئلہ تو ڈاکٹر یاسمین راشد بتا چکی ہیں کہ ان کے محکمے میں ہر طرح کی سرجری کی سہولت موجود ہے اور انہوں نے مریم کو آفر بھی کی ہے میں بھی مریم کو آفر کرتی ہوں کہ اگر سرجری کیلئے پینل آف ڈاکٹرز کی  ضرورت ہے تو اپنی تر مصروفیات کے باوجود میں ایک سرجن ڈاکٹر ہونے کی حیثیت دستیاب ہوں کیونکہ میں کسی میڈیکل کالج کی بھگوڑی نہیں بلکہ ایک کوالیفائیڈ سرجن ہوں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں ایسا کچھ نہیں ہونے جارہا جس کا اپوزیشن نے واویلا مچا رکھا ہے۔ گیارہ جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیو ں کوکامیابی سے نہیں روک سکتیں۔ہم انہیں سینٹ الیکشن میں سرپرائز دیں گے اور مریم کو سیاسی گرو کی نااہلی کے بعد مزید صدمے کیلئے تیاررہنا چاہیے۔
        ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ پروگرام آغاز کر دیاہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کردیا ہے- اس پروگرام کے تحت پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے 14891 طلباء کو مجموعی طور پر 41 کروڑ 70لاکھ روپے کے وظائف دئیے جا رہے ہیں اور انہیں بتدریج بڑھا یاجائے گا- اگلے بجٹ میں رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا- رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کادائرہ کار دیگر پروفیشنل ڈگری ہولڈرز تک وسیع کیا جائے گا- رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ50 فیصد میرٹ پر ہونہار طلباء کو اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلباء کو دیئے جائیں گے -

ای پیپر دی نیشن