باہمی تجارت کا فروغ ،لاہورچیمبر کے وفد کی ایران میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں

لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر کی قیادت میں وفد نے ایران میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ وفد نے صدر تہران چیمبر کے ظہرانے اور ایران میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ ان ملاقاتوں سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اورجوائنٹ وینچرز کی راہ ہموار ہو گی۔ صدرلاہور چیمبر میاں نعمان کبیر نے تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبرٹریڈ ڈپلومیسی پر پختہ یقین رکھتا ہے ۔ ایران اور پاکستان نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات کیساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیا۔ہم ایران کو ایک اہم پڑوسی ملک اور تجارتی پارٹنر سمجھتے ہیں، دونوں ممالک کے پاس بڑی منڈیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران چاول،ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں باہمی تجارت بڑھا سکتے ہیں۔ میاں نعمان کبیر نے ایران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی سے کہا کہ پاکستان اور ایران مستحکم تجارتی شراکت دار ہیں لیکن دوطرفہ تجارت میں کمی آرہی ہے، جسے بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔جس پر رحیم حیات قریشی نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر دی نیشن