اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ روس پاکستان کیساتھ تعمیرات اور گیس پائپ لائن کے شعبے میں تجارت کرنا چاہتا ہے۔ اب دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا راستہ کھل رہا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت نے کہا کہ روس ہمارے ساتھ تعمیرات اور گیس پائپ لائن کے شعبہ میں تجارت کرنا چاہتا ہے۔ جسے ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منسٹری آف کامرس کی پوزیشن کے مطابق پاکستان کو بھارت کیساتھ تجارت کرنا چاہیے۔ ہماری ایکسپورٹ مصنوعات کی ورائٹی بہت کم ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہماری مصنوعات آگے بڑھیں۔مشیر تجارت نے کہا کہ ہمارے ہیلتھ کیئر شعبہ میں گروتھ بڑھ رہی ہے جبکہ ٹیکسٹائل کا شعبہ بہت اچھا کام کر رہا ہے۔، رواں سال 21 بلین ڈالرز کی ایکسپورٹ کا ہدف طے کیا ہے جبکہ اگلے سال کا27 ارب ڈالرز مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوڈ انڈسٹری ترقی کر رہی ہے اور دبئی میں اچھی پروڈکٹس جا رہی ہیں، جہاں 400 بین الاقوامی مندوبین آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا اثر انڈسٹری پر نہیں بلکہ عام آدمی پر بہت آ رہا ہے۔ ہم نے سترہ اشیا ء کو افغانستان میں ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی ہے۔