پاکستان سے سبزیوں اور پھلوں کی برآمد میں 11 فیصد سے زائد کا اضا فہ

لاہور( خصوصی رپورٹر)رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران پاکستان سے سبزیوں اور پھلوں کی برآمد میں 11 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران پاکستان نے دنیا کے مختلف ملکوں کو 3 لاکھ 77 ہزار 677 میٹرک ٹن پھل اور 4 لاکھ 43 ہزار 512 میٹرک ٹن سبزیاں برآمد کیں۔ پھلوں کی برآمد سے 32 کروڑ ڈالرز جبکہ سبزیوں سے 16 کروڑ 81 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کمایا گیا۔گزشتہ برس پاکستان نے اسی مدت کے دوران  55 ہزار 207 میٹرک ٹن گوشت برآمد کیا تھا، جس سے 18 کروڑ 87 لاکھ ڈالرز سے زائد رمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ رواں برس گزشتہ سال کے مقابلے میں کم مقدار میں پھل برآمد کئے لیکن 11 فیصد زیادہ زرمبادلہ حاصل ہوا۔گزشتہ مالی سال جولائی سے جنوری کے دوران پاکستان نے 5 لاکھ 99 ہزار میٹرک ٹن سے زائد پھل برآمد کئے تھے۔ جبکہ 28 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ حاصل کیا گیا تھا۔اسی طرح گزشتہ مالی سال اسی دورانیہ میں پاکستان نے 3 لاکھ 73 ہزار 502 میٹرک ٹن سبزیاں برآمد کرکے 15 کروڑ 9 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔ رواں برس جنوری میں کھانے پینے کی اشیا ء کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے اسی مہینہ کے مقابلے میں 14.36 فیصد زائد رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن