جنرل ندیم رضا سے آسٹریلوی چیف آف ڈیفنس فورسز کی ملاقات

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل اینگس جے کیمبل جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں‘ نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص عالمی اور علاقائی سلامتی کے معاملات اور دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان گیارہویں دفاع اور سکیورٹی مذاکرات اور 8 ویں سکیورٹی ڈائیلاگ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے چیف آف ڈیفنس فورسز آسٹریلیا نے مذاکرات کی سربراہی کی۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور آسٹریلیا کی دفاعی افواج کے درمیان باہمی تبادلوں‘ تربیتی پروگراموں‘ مشترکہ مشقوں اور دیگر دفاعی سرگرمیوں کے شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آسٹریلوی معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغانستان میں امن کے لئے جاری کوششوں کو سراہا۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل اینگس کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے ’’گارڈ آف آنر‘‘ پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن