شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع بھرکے پولیس افسروں کو امن و ایمان کی فضا کو مزید بہتر بنانے کیلئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ میں بہتری لانے کے لیے اور جرائم پیشہ افراد خصوصاً پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کر نے کے حوالہ سے ہدایات جا ری کیں۔ جس پر شیخو پورہ پولیس نے جرائم پیشہ افراداور پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے 9منشیات فروش سمیت21 افراد گرفتارکر لیا ملزموں سے منشیات‘ ناجائزاسلحہ،پتنگیں اور کیمیکل ڈوراور پتنگیں بنانے کا سامان برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے منشیات فروشوں بابر، غلام دستگیر، علی احمد، اشرف، عامر، شہریار، ذیشان، اشرف،سمیت 21 افراد کو گرفتار کر لیا۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 10 کلو چرس، 600 گرام ہیروین، 10 لٹر دیسی شراب اور ایک لٹر ولائتی شراب کی بوتل برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزموں کے قبضہ سے4 پسٹل 30 بور، 2 رائفل 223 بور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ شیخوپورہ پولیس نے7 افراد عمران، حسین اور اس کے دو ساتھی،حمزہ اور علی حمزہ کو پتنگ فروشی، پتنگ سازی اور پتنگ بازی کر نے پر گرفتار کیا ہے۔ ملزموں کے قبضہ سے355 پتنگیں،2ہزار پتنگیں بنانے کا سامان اور کیمیکل ڈورکی چرخیاں بر آمد ہو ئیں۔پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ڈی پی او شیخوپورہ کا ضلع بھرکے افسروں کو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کاروائیوں کی حکم
Feb 22, 2022