قادرپورراں کے بزنس مین کی ضمانت منظور‘ نیب کے تفتیشی کی سرزنش

Feb 22, 2022

ملتان (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ ملتان کے دو ججز مسٹر جسٹس محمد وحید خان اور مسٹر جسٹس امجد رفیق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے قادرپورراں کے معروف بزنس مین خالد حسین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ نیب کے تفتیشی کی سرزنش کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ نہ صرف اس کیس کی تفتیش ناقص ہے بلکہ اس مقدمہ کے حقائق اور واقعات کی تاریخیں بھی یاد نہیں ہے ڈویژن بینچ نے طنز کیا کہ اسے سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس میں بھجوا دیا جائے۔ قبل ازیں عدالت عالیہ میں ملزم خالد حسین کے وکیل رانا محمد آصف سعید نے موقف اختیار کیا کہ پیٹشنر پر عائد تمام الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں ملزم کو سات فائلیں نہیں دی گئی اور نہ ہی اراضی کا معاوضہ دیا گیا تھا اس نے اپنی ایک ایکڑ اراضی واپڈا ٹاؤن فیز تھری کو دی تھی جس کے عوض انہیں نقد معاوضہ یا 50 مرلے کمرشل پلاٹ کی سات فائلیں  نہیں دی گئی تو قومی خزانے کو 60 لاکھ روپے کا نقصان کیسے ہوا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ فائلیں واپڈا ملازمین نے خود ہی خرد برد کر لی ان کے خلاف ریفرنس بھی بھجوایا گیا تھا سول عدالت میں واپڈا والوں نے جو دعوی کیا تھا وہ بھی خارج ہو گیا انہوں نے مزید کہا کہ الزامات سچ ثابت کئے بغیر کسی کو غیر معینہ مدت کے لیے جیل میں نہیں رکھا جا سکتا ہے ملزم ستمبر 2021 سے جیل میں قید ہے۔

مزیدخبریں