رائیونڈ (نمائندہ نوائے وقت) رائے ونڈ شہر اور گردونواح میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرکے لمبی دیہاڑیاں لگائی جارہی ہیں۔ فلور ملز مالکان کو سرکاری گندم کی سپلائی متاثر ہونے سے فلور ملز مالکان نے شہریوں کو آٹے کی سپلائی روک دی ہے جس سے شہر بھر کی دکانوں سے آٹا غائب ہو چکا ہے۔ دکانداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فلور ملز مالکان آٹا سپلائی نہیں کررہے۔ آٹے کی مانگ میں اضافے سے 1100روپے میں فروخت ہونیوالا 20کلو آٹے کا تھیلا 1200روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مقامی محکمہ خوراک کے افسران کی عدم دلچسپی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت سے شہری لاوارث ہو چکے ہیں ۔آٹے کا مصنوعی بحران کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے جبکہ افسران سب اچھا کی رپورٹ پیش کررہے ہیں۔