کراچی (نیوز رپورٹر) قرآن و حدیث اور فقہی علوم عالیہ کی پر وقار ر وحانی محافل کے علاوہ عالمی محفلِ حسنِ قرآت نے کراچی کی فضائوں میں دین اسلام کی حقانیت کا ایک انوکھا روحانی سماں باندھ دیا ہے واضح رہے کہ کراچی کے پر رونق پسماندہ علاقے لاسی گوٹھ کے جمعہ بازار کے وسیع و عریض میدان میں اندرون اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے معروف قراء حضرات نے سبعہ قرآت، لحنِ دائودی کی طرز پر قرآن پڑھ کر ہزاروں خواتین و حضرات کے دلوں میں تسکین اور روحانی احساسات کو منور کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مدرسہ نعمانیہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ آل پاکستان انٹرنیشنل محفلِ حسنِ قرآت و دستار فضیلت کی تقریب سے مولانا قاری محمد علی مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا انھوں نے کہا کہ قاری عبدالرحمٰن جامی کی دعوت پر اس قرآنی محفل میں پوراکراچی امنڈ آیاہے انہوں نے کہا کہ اب صاحبانِ علم اور سادہ مزاج نفوسِ قدسیہ موجودہ مادیت پرست اور انٹرنیٹ کے دور سے بہت تنگ آچکے ہیں مولانا محمد علی مدنی نے کہا کہ ہم سب نے مصری، سائوتھ افریقہ اور پاکستانی قراء حضرات کو جس انہماک اور توجہ سے سنا ہے یہ بات اس والہانہ اور رح پرور تقریب کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔ اور ہمیں باآوازِ بلندیہ تقریب کہہ رہی ہے کہ ہم من حیث القوم سچے ، کھرے، متقی اور پرہیزگار مسلمان بن کر اپنے نو نہالانِ وطن کو دینی مدارس میں تعلیم دلوائیں تاکہ مملکتِ خداداد پاکستان میں ہم انفرادی اور اجتماعی دینی اور قرآنی کوششوں سے اس اسلامی ملک کو حقیقی اسلامی اور فلاحی مملکت بناسکیں ۔