منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری و خانہ شماری کے حتمی نتائج کا اعلان دسمبر تک کیا جائے گا اور آئندہ انتخابات انہی کی بنیاد پر ہوں گے۔آج اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت وقت بچانے، شفافیت اور درست اعدادو شمار یقینی بنانے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈیجیٹل مردم شماری کا انعقاد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سالانہ بجٹ کے دوران مردم شماری کیلئے پانچ ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ باقی بجٹ آئندہ مالی سال میں مختص کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کرانے کیلئے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی خریداری پر تقریباً دس ارب روپے خرچ ہوں گے۔