اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دنیا کی پہلی جیل بھرو تحریک ہے جس کا لیڈر اپنی حفاظتی ضمانت سے اس کا آغاز کر رہا ہے۔ ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایوان صدر آئین، قانون اور عدالتی نظام کا تمسخر اڑانے والے کے خوف کا قیدی ہے۔ صدر علوی عمران خان کے جرائم میں سہولت کار ہیں۔ آئین، قانون اور عدالتی نظام کو تماشہ بنایا ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے۔ ورکنگ جرنلسٹس کی سیفٹی، ٹریننگ سمیت انہیں درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں ملاقات کیلئے آئے مری پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کی گروپ انشورنس کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے۔ علاوہ ازیں صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے بھی اہم ترامیم لائی جا رہی ہیں۔ وفد میں صدر عبدالحمید عباسی، چیئرمین شفقت عباسی، جنرل سیکرٹری یاسر عباسی، سینئر ارکان اویس الحق اور ابوذر عباسی شامل تھے۔ ادھر حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ فسادی جماعت ضمنی الیکشن لڑے اور اسمبلی میں آجائے۔ فسادی جماعت چکرا چکی ہے کہ کیا کرے، عدالت جائے، اسمبلی جائے، الیکشن میں جائے۔ ملک کو کسی شخص کے انتشار کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔ پی ڈی ایم کی درخواست پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا اے این پی نے 18حلقوں پر امیدواروں کا اعلان کیا تھا لیکن پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اگلے ماہ ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی۔ اس سلسلے میں سید حسن مرتضیٰ نے پی پی کے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی فیصلے کے مطابق فوری طور پر آج (22فروری) اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے کیونکہ 22فروری کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہے۔
اتحادی جما عتوں نے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا متفقہ فیصلہ کیا : مریم اورنگزیب
Feb 22, 2023