جشن بہارا ں ، میرا تھن ریس ہارس ، اینڈ کیٹل شو کے بہترین انتظامات کئے جا ئیں : محسن نقوی 


   لاہور (نیوز رپورٹر)  نگران وزیراعلیٰ  محسن نقوی کی زیر صدارت  جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق فالواپ اجلاس ہوا۔  محسن نقوی نے  کہا کہ لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں جشن بہاراں کیلئے انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں۔ لاہور میں طویل عرصے کے بعد میراتھن ریس کا انعقاد کرایا جارہا ہے۔ میراتھن ریس کو جشن بہاراں کی تقریبات کا مستقل ایونٹ بنایا جائے گا۔ ہارس اینڈ کیٹل شو کے ذریعے شہریوں کو بہترین تفریح فراہم کی جائے گی۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں آتشبازی ہوگی اور نیزہ بازی کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ جشن بہاراں کے دوران داتا دربار پر 7روز محفل سماع کا انعقاد کرایا جائے گا۔ نہر اور شہرکی اہم شاہراہوں کوخوبصورتی سے سجایا جائے گا اور لائٹنگ کی جائے گی۔ جیلانی پارک میں فوڈ فیسٹیول  کرایا جائے گا۔  گریٹر اقبال پارک میں بھی جشن بہاراں کی تقریبات ہونگی اور شہریوں کی تفریح کے لئے سرکس بھی لگے گی۔ معروف گلو کاروں کو جشن بہاراں کی تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔ میوزک اور صوفی نائٹس بھی جشن بہاراں کی تقریبات کا حصہ ہوں گی۔  جشن بہاراں جیسے تہوار صحت مند معاشرے کا عکاس ہوتے ہیں اور ایسے تہوار لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جشن بہاراں میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے تقریبات کی موثر انداز سے تشہیر کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن