جدہ (امیر محمد خان سے) او آئی سی نے ہمیشہ پاکستان کے کشمیر کے موقف کی حمائت کی ہے اور انسانی حقو ق کے اداروں تک بھارتی جارحیت کا معاملہ پہنچایا ہے، نیز او آئی سی کشمیر کی آزادی تک اس موقف پر قائم رہے گی، یہ بات oicکے سیکریٹری جنرل سفیر حسین براہم طہ نے جدہ میں او آئی سی کے مرکزی دفتر میں پاکستان قونصلیٹ کی درخواست پر کشمیر میں نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصاویر کی نمائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تصاویر کی نمائش میں بڑی تعداد میں او آئی سی کے ممبر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر جدہ میں پاکستان کشمیر کمیٹی کے اراکین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔تصاویر کی نمائش کے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی میں سیکریٹری جنرل کے نمائندے برائے جموں و کشمیر یوسف الھدوبی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے ایجنڈے میں کشمیر اور فلسطین سرفہرست ہیں۔
او آئی سی کے اصولی موقف کی توثیق کرتے ہوئے خصوصی ایلچی نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس کے پرامن حل پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ او آئی سی کشمیریوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی ۔