لاہور(نیوز رپورٹر)پی آئی ٹی بی کی سٹی ٹریفک پولیس کیلئے وضع کردہ ڈیجیٹل وارڈن ایپ کے ذریعے شہریوں کو گزشتہ برس اپریل سے اب تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں بغیر ہیلمٹ‘ ون وے اور رانگ پارکنگ وغیرہ کی مد میں پونے 2 ارب روپے مالیت کے 43 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل چالان کیے جا چکے ہیں۔ یہ بات ارفع ٹاور میں چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرِ صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید قاسم افضال و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ ڈیجیٹل وارڈن ایپ سے شفافیت کے حصول کیساتھ ساتھ جعلی و بوگس چالان کی شکایات کا خاتمہ ممکن ہوا جبکہ چالان بکس کی چھپائی کی مد میں ٹریفک پولیس کو 9 کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوئی۔ ڈیجیٹل چالاننگ سے شہریوں کو کاغذات کی ضبطگی سے بچتے ہوئے موقع پر موبائل سے آن لائن ادائیگی کی سہولت حاصل ہوئی۔