لاہور(خبرنگار)آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں نے ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کا اچانک دورہ کیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات نے اس دورے کے دوران جیل کی سکیورٹی اور ڈسپلن کیساتھ ساتھ اسیران کی فلاح و بہبود کیلئے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کو چیک کیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کچن ، ہسپتال ، سکول ، قیدی بارکس ، نو عمر وارڈ ، ٹیلیفون بوتھ اور جیل مانیٹرنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا ہے،اسیران کو درپیش مسائل دریافت کئے ہیں اور انکے فوری حل کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کا کہنا ہے کہ اسیران کو قانون کے مطابق تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔عمر رسیدہ اسیران کا خاص خیال رکھا جائے،ایسے نادار اسیران جن کی ملاقات پر بھی کوئی نہ آتا ہو انھیں ٹیلیفون کی سہولت مفت فراہم کی جائے،اسیران کے کھانے کے معیار اور مقدار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے جیل سٹاف کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں، جیل افسران و ملازمین کی جانب سے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔تشدد اور رشوت ستانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ،ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کے اچانک دورے کے بعد آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں ، ڈی آئی جی جیل خانہ جات پنجاب/ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب پریزنز سٹاف ٹریننگ کالج کامران انجم کی رہائش گاہ پر انکی والدہ کی وفات پر دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیاہے،اس موقع پر ڈی آئی جی ساہیوال ریجن ملک شوکت فیروز اور سپرٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ ساجد بیگ بھی ہمراہ تھے۔