گجرات ڈویژن، وزیر آباد ضلع برقرار رکھنے کا فیصلہ عوام کی ترجمانی: پرویز الٰہی 


لاہور+گجرات (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) پرویزالٰہی کی زیرصدارت سابق ارکان پنجاب اسمبلی اور سینئر سیاسی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، عبداللہ وڑائچ، شجاعت نواز اجنالہ، ساجد احمد خان، چودھری احسان الحق، ڈاکٹر محمد افضل، باسمہ چودھری، خدیجہ عمر، موسیٰ الٰہی، چودھری مقصود سلہریا، خرم منور منج، طلحہ زبیر اور حاجی عمر حبیب شریک ہوئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات ڈویژن اور وزیرآباد کے ضلع برقرار رکھنے کا فیصلہ عوام کے دلوں کی ترجمانی ہے۔ عدلیہ کا انصاف دینا خوش آئند ہے۔ نگران حکومت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ایسے احکامات جاری کیے جس کا ان کو اختیار ہی نہیں تھا۔ عدلیہ سے امید ہے کہ وہ تلہ گنگ اور دیگر ضلعوں کو بھی بحال کرے گی۔ منتخب حکومت کے احکامات غیر منتخب حکومت کیسے معطل کر سکتی ہے۔ نگران پنجاب حکومت کی مس مینجمنٹ نے صوبہ برباد کر دیا ہے۔پرویز الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل منظور وڑائچ اور سنیئر وکلاء محمد عاصم چیمہ سابق صدر بار، صفدر حیات بوسال سابق صدر بار، نادر منظور دوگل ایڈووکیٹ، سرمد چٹھہ اور آصف خان وڑائچ ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پورے ملک کی عوام عمران خان کو اپنا مسیحا سمجھتی ہے، وفاقی حکومت اور نگران پنجاب حکومت ہم پر جھوٹے مقدمے درج کر رہے ہیں، عوام ان نااہل حکمرانوں کی سازشوں سے آگاہ ہیں، ہمیں اللہ اور عدلیہ سے پوری امید ہے، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن