اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بزنس انٹرپرائز انڈسٹری کا انجن ہیں، جو بزنس اپنے منافع میں اپنے ملازمین اور علاقے کو شامل کرتے ہیں وہ دیرپا ترقی کرتے ہیں۔ پاکستان میں نجی شعبے سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر ناخواندگی کے خاتمے، صحت عامہ کے تحفظ اور موسمیاتی ایمرجنسی سے بچنے اور ملک میں معاشی بحالی کے لیے مل کر کام کریں۔ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نے گذشتہ روز نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) کے زیر اہتمام 15ویں بین الاقوامی سی ایس آر (کارپوریٹ سماجی ذمہ داری) کانفرنس 2023 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ غیر منافع بخش تنظیموں الخدمت فاؤنڈیشن، سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ، بیت الاسلام فاؤنڈیشن، ملین سمائلز فاؤنڈیشن، فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن، اور پاکستان ڈس ایبل فاؤنڈیشن کو سیلاب کی ہنگامی صورتحال کے دوران بہترین امدادی کام کرنے پر خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے نسٹ میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے ٹیکنالوجی کے میدان کو یکسر تبدیل کر دیا، ہمارے نوجوان آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبہ میں ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا تاکہ مردم شماری کے تیز، شفاف اور قابل اعتماد آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر منصوبہ بندی نے متعلقہ حکام کو 30 اپریل 2023 تک اسے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔