سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے جی ٹوئنٹی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت کو صاف صاف انکار کر دیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سری نگر میں جی ٹوئنٹی اجلاس کی میزبانی کے ہندوستان کے منصوبے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں نئی دہلی کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کے بارے میں دنیا کو گمراہ کرنا ہے۔اس تقریب کا مقصد تنازعہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ جبکہ حزب المجاہدین جموں و کشمیر کے کمانڈر بشیر احمد پیر عرف امتیاز عالم کو راولپنڈی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ بشیر احمد پیر عرف امتیاز عالم گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں شہید ہو گئے تھے۔ان پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ نماز مغرب ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ منگل کے روز کمانڈر بشیر احمد پیر عرف امتیاز عالم کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب بھارتی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں انسداد تجاوزات مہم کو رورک دیا ہے۔ اس مہم کے تت جموں و کشمیر کے 20 اضلاع میں 20 لاکھ کنال (2.5 لاکھ ایکڑ) اراضی کو خالی کرانے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا گیا اور ہزاروں لوگوں کو زمینوں سے بے دخل کیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کی طرف سے جاری کشمیریوں کی جبری بے دخلی اور ان کی املاک مسمار کرنے کی مہم مقصد انہیں محتاج بنانا ہے۔
سری نگر جی ٹونٹی اجلاس کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے:حریت کانفرنس
Feb 22, 2023