لاہور (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے چیئرمین نیب کی تقرری سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا راجہ ریاض کی مشاورت سے چیئرمین نیب کی تقرری قابل قبول نہیں، لیڈر آف اپوزیشن تحریک انصاف کا لگایا جائے، بعد میں چیئرمین نیب کی تقرری کی جائے، سب کو معلوم ہے راجہ ریاض ایک لوٹے ہیں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس حالت میں حاضری کے لیے بلانا درست نہیں تھا، ہم عدالتی نظام کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، پاناما میں شامل 5ججز کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے، ان معاملات پر سپریم کورٹ سے جواب آنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا چیف الیکشن کمشنر نے اپنے عہدے کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ صدارت کی آفر بطور رشوت چیف الیکشن کمشنر کو دی گئی ہے، ان کے لیے چیف الیکشن کمشنر کی خدمات ان گنت ہیں، بیوروکریسی سیاسی معاملات سے علیحدہ رہے۔ جن لوگوں نے کل کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ اعتماد کا ووٹ روکنے کے لیے ڈرامے کر رہے ہیں، عمران خان اگر گرفتاری سے بچنا چاہتے تو یہ ساری جدوجہد نہ کرتے، عمران خان لندن کا ٹکٹ کٹواتے اور چلے جاتے۔