لاہور(خبرنگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثالی صفائی نظام کے لیے پرعزم ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی فلیٹ میں مزید 30 نئے کمپیکٹرز شامل کرنے کی تقریب کا انعقاد لبرٹی چوک میں کیا گیا۔افتتاحی تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین،ڈپٹی سی ای او فہد محمود، ڈپٹی سی ای او عظیم شوکت اعوان اورپریزیڈنٹ لبرٹی ٹریڈ یونین سید سمیر علی شاہ، سینئر وائس پریزیڈنٹ امجد خان، جنرل سیکرٹری سید حیدر علی شاہ، جوائنٹ سیکرٹری وقاص شاہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے تقریب میں خصوصی زیرو ویسٹ مہم ''میرا سوہنا لاہور'' آپریشنل ورکنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ 177 کمپیکٹرز ایل ڈبلیو ایم سی فلیٹ میں شامل ہیں جبکہ آج 30 نئے کمپیکٹرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔نئے کمپیکٹرز فلیٹ میں شامل کرنے سے آپریشنل ورکنگ میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے ایل ڈبلیو ایم سی فلیٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی 1200 گاڑیوں کا فلیٹ شہر کی صفائی ستھرائی پر مامور ہے۔جس میں 10 نئے مکینیکل واشرز اور 30 نئے کمپیکٹرز بھی فلیٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔نئے مکینیکل واشرز آنے سے نائٹ آپریشن کی ورکنگ کپیسٹی میں بہت بہتری نظر آ رہی ہے۔30 نئے آنے والے کمپیکٹرز میں 20 بڑے جبکہ 10 چھوٹے کمپیکٹرز شامل ہیں۔ایک بڑا کمپیکٹر 35 ویسٹ کنٹینرز کو خالی کرنے کی کپیسٹی رکھتا ہے جبکہ چھوٹا کمپیکٹر 22 سے 25 ویسٹ کنٹینرز ایک ہی وقت میں خالی کر سکتا ہے۔30 نئے کمپیکٹرز فلیٹ میں شامل کرنے کے بعد ایل ڈبلیو ایم سی 26 پرانے کمپیکٹرز کو سٹینڈ بائی پر رکھے گا۔پرانے کمپیکٹرز آف روڈ کرنے سے ریپئرنگ کاسٹ بچائی جا سکے گی اور آپریشنل ورکنگ بہتر ہونے میں معاونت ملے گی۔ نئے آنے والے کمپیکٹرز علامہ اقبال ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، راوی ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن میں تعینات کیے جائیں گے۔مزید براں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین اور لبرٹی ٹریڈ یونین کے ہمراہ صفائی آگاہی واک میں بھی شمولیت کی۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ شہر کی صفائی میں اپنا کردار ادا کریں۔کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں۔صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کی صفائی کے لیے پرعزم ہے: ڈاکٹر ارشاد احمد
Feb 22, 2023