لاہور (نیوز رپورٹر )نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزآڈیٹوریم میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ آگاہی سیمینارمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔آگاہی سیمینارمیں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن اشفاق الرحمن،ڈی جی پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزادانور، پروفیسر ڈاکٹرامجد،پرنسپل سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹرفاروق افضل،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرندیم حفیظ بٹ،سی ای او پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیز، ڈاکٹر اسد، پروفیسرطیبہ وسیم،،ایم ایس سروسزہسپتال ڈاکٹر مختار اعوان، واصف ناگی،ڈاکٹرذکی،علماء کرام اور طلبا ء طالبات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹرشہزادانورنے حاضرین کو آگاہی سیمینارکے اغراض ومقاصدسے آگاہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاویداکرم نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں انسانی اعضاء کو عطیہ کرنے کے حوالہ سے لوگوں کانظریہ بدلنے کی اشدضرورت ہے۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے زندگی میں اعضاء عطیہ کرنے کیلئے رجسٹریشن کاآغازکردیاہے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ جس طرح ہم خون عطیہ کرتے ہیں اسی طرح اپنے اعضاء بھی عطیہ کرنے کااجرعظیم ہے۔حدیث کامفہوم ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویاساری انسانیت کی جان بچائی۔یہ جان اللہ پاک کی ہمارے پاس امانت ہے اس لئے اس کاخیال رکھناہماری ذمہ داری ہے۔موت ایک حقیقت ہے اس لئے اپنے اعضاء عطیہ کرناثواب عظیم ہے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ انسان کے اندرمذہب سے بالاترہوکراپنے اعضاء عطیہ کرنے کا جذبہ ہوناچاہئے۔ہمارے معاشرے میں اپنے اعضاء کسی بیمارکیلئے عطیہ کرنے کے حوالہ سے آگاہی پھیلانابہت ضروری ہے۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں بورڈبنائیں گے جس میں مختلف سپیشلٹیزکے پروفیسرزکوشامل کیاجائے گا۔نگران صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب میں انسانیت کے دشمن عطائیوں کے خلاف گرینڈآپریشن کررہے ہیں۔صوبہ بھر میں انسانی اعضاء کی غیرقانونی پیوندکاری کوروکنے کیلئے مافیاکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لارہے ہیں۔
انسانی اعضاء عطیہ کرنے بارے لوگوں کانظریہ بدلنے کی ضرورت ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم
Feb 22, 2023