لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسولؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے گزشتہ دن مختلف صوبوں کے وفود سے ملاقات کی۔ وفود نے انہیں ’’آل پاکستان سنی کانفرنس‘‘ کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ آزاد کشمیر کے وفد نے ڈاکٹر عبد القدوس کی قیادت میں، سندھ کے وفد نے مفتی محمد بشیر القادری کی قیادت میں، بلوچستان کے وفد نے پیر سید محمد بہادر شاہ بلانوشی کی قیادت میں اور خیبر پختونخواہ کے وفد نے مفتی محمد شفیع جلالی کی قیادت میں ملاقات کی۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز صراط مستقیم میں ان وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: بڑی رکاوٹوں کے باوجود ’’آل پاکستان سنی کانفرنس‘‘ کا تاریخی انعقاد محض فضل الٰہی ہے۔ کانفرنس میں علماء و مشائخ اور عوام کے جم غفیر نے نظریات اہل سنت سے انحراف کرنے والوں کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ بڑی بڑی خانقاہیں، درگاہیں اور درسگاہیں اسلام کی حقانیت کے نشان اور اہل سنت کی قوت ہیں مگر افسوس ہے کہ بعض صاحبزادے اور پیرزادے اس ڈگر پے چل پڑے ہیں جس سے معاملہ گھر کے چراغ سے گھر کو آگ لگنے والا بن چکا ہے۔ چودہ صدیوں سے جو عقائد کتابوں اور سنیوں میں تواتر سے چلے آ رہے ہیں، آج کچھ لوگ ان کے بارے میں اپنی من مانی کر رہے ہیں۔ مسلک ہمارا بنیادی حق ہے، اس میں بگاڑ کی کسی نے بھی کوشش کی تو سنی قوم اس سے رعایت نہیں کرے گی۔ اس موقع پر مفتی محمد عثمان اختر جلالی، پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی، مولانا محمد وقار جلالی، مفتی محمد عبد القدوس حبیبی بھی موجود تھے۔
آل پاکستان سنی کانفرنس کا تاریخی انعقاد فضل الٰہی ہے: اشرف جلالی
Feb 22, 2023