اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال کے حوالے آگاہ کیا گیا۔ صدر مملکت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور گھناو¿نے جرائم کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو سکے، پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی ہر ممکن اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ملاقات کے دوران صدر نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی رپورٹس کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے کمشن آف انکوائری کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا، بین الاقوامی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نافذ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جرائم پر جوابدہ بنایا جائے۔ اس موقع پر حریت قیادت نے صدر مملکت کو وادی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ حریت قیادت نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ کشمیری قیادت کو جیل میں ڈالنا، ماورائے عدالت قتل، گرفتاریاں اور کشمیری نوجوانوں پر تشدد ایک معمول بن چکا ہے، بھارت کشمیریوں کی شناخت اور ثقافت کو بری طرح نقصان پہنچا رہا ہے، بھارت کشمیری عوام کو دبانے کے اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔
صدر ملاقات