زلزلہ متاثرین کےلئے طبی و سرجیکل آلات کی کھیپ شام روانہ

Feb 22, 2023


 اسلام آباد( نامہ نگار ) شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری،ہلال احمر پاکستان کی جانب سے طبی و سرجیکل آلات کی کھیپ پاکستان میں شام کے سفیر ڈاکٹر رمیض الراعی کے حوالے کر دی گئی۔ نیشنل ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں طبی و سرجیکل آلات،ابتدائی طبی امداد کے سامان پر مشتمل کھیپ چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل ہلال احمر محمد عبید اللہ خان نے شامی سفیر ڈاکٹر رمیض الراعی کے حوالے کی۔ہلال احمر پاکستان کی جانب سے اس سے قبل ترکیہ زلزلہ متاثرین کے لئے 50ہزار ڈالر اور شام کے لئے 25 ہزار ڈالر کا امدادی چیک سفرا کرام کو پیش کیا جاچکا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر سردار شاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان مصیبت کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی متاثرین زلزلہ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہلال احمر پاکستان نے اپنے مینڈیٹ اور اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے زلزلہ سے متاثرہ دونوں ممالک کے لئے امداد فراہم کی ہے۔طبی اور سرجری آلات کی فراہمی شامی سفیرکی جانب سے درخواست کا عملی جواب ہے۔ہلال احمر پاکستان نے ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ کا حصہ ہونے کے ناطے زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے پیرا میڈیکس،ہیلتھ،واش کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں بھجوانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ پلان بھی شیئر کیا جا چکا ہے۔ تربیت یافتہ رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں اور ریکوری اور تعمیر نو کے کاموں میں حصہ ڈالنے کے لئے شام اور ترکیہ جائیں گے۔دونوں برادر ملکوں کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے ملک گیر اپیل بھی لانچ کی گئی ہے۔طبی و سرجری کے آلات کی فراہمی پر شام کے سفیر ڈاکٹر ڈاکٹر رمیض الراعی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے ہلال احمر پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ 
کھیپ فراہم

مزیدخبریں