طالبات کو نقد انعام سے نوازا گیا، دیگر کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی انعامات دیئے گئے
رپورٹ : الحاج محمد سعید چشتی نظامی
علم ایک ایسا خزانہ ہے جس پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا اور نہ ہی استعمال کرنے سے کم ہوتا ہے۔حضورکریمؐنے ارشاد فرمایا کہ مہد سے لحد تک علم کی تلاش میںلگے رہو اور یہ بھی فرمایاکہ علم حاصل کرو خواہ اس کے لئے تمہیں چین جانا پڑے۔ بلکہ علم ایک ایسا نور ہے جس سے جہالت اور گمراہی کی تاریکیاں چھٹ جاتی ہیں۔ کسی قوم کی ترقی و بقاء اسکی ذہنی نشو و نما اور نئی نسل کی صحیح سمت تربیت پر مبنی ہوتا ہے۔ کسی قوم کے مستقبل کا انحصار اسکی نئی نسل پر ہی ہوتا ہے۔ اس لئے قومیں اپنی نسلوں کی تربیت اس طرح کرتی ہیں جس سے ان کی صلاحیتوں اور عزائم کو بلند کیا جا سکے اور ان کی سیرت اور ان کے کردارکو اعلی اقدار میں ڈھالنے کے لئے اساتذہ اور والدین کار کردار بہت اہم ہے۔
حال ہی میں پنجتن پاک ویلفیئر سوسائٹی، مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی، ٹیم کلین پاکستان ، تحصیل گوجرخان کے کالجوں ، سکولوں کی 40طالبات کے درمیان تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔جس میںاول، دوئم اور سوئم آنے والی طالبات کو نقد انعامات دیئے گئے۔ جبکہ دیگر کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی انعامات دیئے گئے۔ آج کا دور معیار، مہارت اور تخلیقیت کا دور ہے۔آج تعلیم و تربیت میں قوت تخیل اور تخلیقیت اپنے وقت کے اعلی معیار کو چھو رہی ہے۔ تخلیقی صلاحیتوں کی وجہ سے انسانی عظمت کو چار چاند لگ چکے ہیں۔ ماہرین نفسیات نے تخلیق کو در اصل تقلید اور جمود کی مسماری اور ایک نئی دنیا کی تعمیر قرار دیا ہے۔ کسی بھی تعمیری مقصد کیلئے تخلیقی صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے ۔
گوجرخان میں حق ٹرسٹ ، پنجتن پاک ویلفیئر سوسائٹی، مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی، کلین ٹیم پاکستان سب مل کر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں تک کے تعلیمی نظام میں جدت لانے کے لئے جدو جہد کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان تقریری مقابلے، کھیلوں کے مقابلے ،مضمون نویسی، مطالعاتی دورے اور دیگر صحت مند سرگرمیوں ترتیب دی جاتی ہیں۔ اسکے علاوہ شاعروں، ادیبوں مصنفوں کی بھی حاصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ نیز غریب عوام کے لئے لنگر اور طبی سہولتیں بھی مہیا کی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں حق ٹرسٹ گوجرخان میں ایک ایسا ادارہ ہے۔ جو ان سب اداروں کو نہ صرف جوڑے ہوئے ہے بلکہ ان کو ایک بہترین پلیٹ فارم بھی مہیا کردیاہے۔ جہاں سب مل کر زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی سطح پر گوجرخان کی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ شوکت محمود قاضی نے کہا کہ انشاء اللہ پوٹھوہار یونیورسٹی کا قیام جلد ہی عمل میں لایا جائیگا۔ حال ہی میں ایک طبی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔ جس میں لوگوں کو علاج معالجہ، لیبارٹری ٹیسٹس کی سہولیات فراہم کی جاتی ہے۔لیکن یہ سہولیات غریب، مسکین، نادار لوگوں کے لئے بالکل مفت ہیں۔ اسکے علاوہ ایمبولینس سروس کا اجراء بھی کیا گیا ہے۔ اس ادارے کے قیام کے لئے شوکت محمود قاضی، چوہدری شبیر انور چیر میں پنجتن پاک ویلفیئر، راجہ وقار مستالوی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ جنہوں نے بڑی محنت کے بعد اور بڑی قلیل مدت میںطبی مرکز کا قیام عمل میں لایا ہے۔