کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران محکمہ محنت و افراد قوت کے متعلق سوال و جواب کا سیشن ہوا۔وزیر محنت و افراد قوت سندھ سعید غنی نے اراکین کے سوالات کے جوابات دیے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر صاحب سے سوال پوچھا گیا مگر وہ بڑی چالاکی سے پتلی گلی سے نکل گئے۔اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ چالاکی لفظ کی وضاحت کریں، ہمیں نہیں پتہ کہ ہمارا وزیر چالاک ہے۔پی ٹی آئی کی رکن سیما ضیا نے سوال کیا کہ سیسی ملازمین کو کیا کوئی سبسڈی دی جاتی ہے؟سعید غنی نے کہا کہ سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کے ملازمین کی 25 ہزار روپے سے کم تنخواہ نہیں ہو گی، سیسی کے تمام ملازمین کی تنخواہ 25 ہزار روپے ہے، سیسی میں رجسٹرڈ افراد کو بھی 25 ہزار روپے تنخواہ کی ادائیگی ہوتی ہے۔سیما ضیا نے کہا کہ اس حکومت نے جو مہنگائی کی ہے، 25 ہزار روپے میں کیسے گزارا ہو سکتا ہے؟سعید غنی نے کہا کہ اسی تحریک انصاف کی حکومت نے 25 ہزار روپے کم از کم تنخواہ کرنے پر انکار کیا تھا، پیپلز پارٹی وفاق میں آئی تو پورے پاکستان میں کم از کم تنخواہ 25 ہزار روپے ہوئی۔انہوںنے کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ عمران خان کی تباہ کن معاشی پالیسی ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے پی ٹی آئی رہنما سے چالاکی لفظ کی وضاحت طلب کرلی
Feb 22, 2023