فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اعجاز احمد ناگرہ نے ادارہ شماریات کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کی6ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں3.68فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جس سے اشیا مہنگی ہونے کے باعث ملکی برآمدات کمی کاشکار ہیں انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ سے ہی ملکی برآمدات اور روزگار کے ذرائع میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ برآمدات کی بحالی اور توسیع کے سلسلہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کو مراعات دے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ سکیں،تجارتی خسارہ میں کمی اور حکومت کی طرف سے برآمدی اہداف کے حصول کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ پاکستانی اشیا کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں مزید کمی ہوسکے۔
حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کو مراعات دے :اعجاز ناگرہ
Feb 22, 2023