جمبر (نامہ نگار )ٍروزنامہ ’’ نوائے وقت لاہور ‘ ‘کی خبر پر زبردست سو موتو ایکشن ،صوبائی محتسب پنجاب نے گورنمنٹ پرائمری سکول بگھیانہ خورد کی شکستہ حال بلڈنگ کی چھتیں وقفے وقفے سے گرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسرتعلیم قصور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے دودن میںجواب دینے کا حکم دے دیا ۔تاہم محکمہ تعلیم کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر قصور نے پرائمری سکول بگھیانہ خوردکا دورہ کرنے کی بجائے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیش آفیسر پتوکی کو رپورٹ پیش کرنے کو کہہ دیا ۔موصوف نے بھی خودسکول جانے کی بجائے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز پھول نگر کی ڈیوٹی لگا دی ۔یہا ں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول بگھیانہ خورد کی عمارت کے ایک کمرے اور برآمدے کی چھت سکول ٹائم میں گرگئی تھی جسمیں سکول ہیڈ ماسٹر ایک ٹیچر اور متعدد طالب علم شدید زخمی ہوگئے تھے ۔اچانک چھت گرنے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس پر طلبہ کے والدین فوری طور پرسکول پہنچ گئے تھے مقامی صحافیوں کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ۔ وائس چیئرمین چوہدری محمد اعظم خان نے صحافیوں کو بتایا کہ میں نے اپنے طور پر بھی متعدد با راعلیٰ حکام کو مطلع کیا مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی ۔انہوں نے محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ خطرناک بلڈنگ کو گرا کر نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے ۔ہیڈ ماسٹر خلیل احمد بھٹی نے بتایا کہ چھت گرنے کی اطلاع AEOمرکز پھول نگر محمد راشد اقبال کو دی گئی جنہوں نے بات تک نہ سنی اور فون بند کردیا۔
’’نوائے وقت ‘ ‘کی خبر پرایکشن‘سکول کی چھت بوسیدہ ہونے پر رپورٹ طلب
Feb 22, 2023