غیروں کے نظام تعلیم نے نقصان کے سوا کچھ نہیں دیا ، مفتی منیب الرحمان 

Feb 22, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر) اہلسنّت وجماعت کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ مدینۃ العلم کے مختلف تعلیمی شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات کی دستار فضیلت وتقسیم اسناد کے موقع پر جامع مسجد مدینہ ٹرسٹ میں استاذ القراء  علامہ محمداسماعیل سیالوی کے زیرصدارت عظیم الشان جلسہء معراج مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیاگیا جس میں صدر تنظیم المدارس ،یادگار اسلاف مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان ،مبلغ اہلسنّت پیرطریقت علامہ عبدالجبار احمد نقشبندی، مفتی عبدالقادرہزاروی،مولانامحمدراشدقادری، قاری محمدبشیرچشتی،مفتی طاہر حسین قادری،قاری محمدخالد ودیگرسمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام ومشائخ عظام اور مہتممین مدارس نے شرکت کی۔اس موقع پرمفتیء اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان نے اپنے خطاب میں جامعہ مدینۃ العلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ دورمیں مدارس دینیہ کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، قوم اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرے تاکہ وہ بے راہ روی اور گمراہی سے محفوظ رہیں۔غیروں کے نظام تعلیم نے سوائے نقصان کے ہمیں کچھ نہیں دیا۔مدارس دینیہ ہی اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جہاں بچوں کواسلام کی روشن تعلیمات سے آراستہ کیاجاتاہے۔ تعارفی خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ مدینۃ العلم قاری محمدعبدالرزاق کرم چشتی نے کہاکہ جامعہ مدینۃ العلم اہل سنت وجماعت کی عظیم دینی درسگاہ ہے جس میں درس نظامی،تجوید وقرأت،حفظ وناظرہ، جبکہ عصری علوم کے شعبہ جات میں طلباء کے ساتھ ساتھ طالبات کو بھی زیورعلوم قرآن سے آراستہ کیاجاتاہے۔انہوں نے بتایاکہ طلباء کا قیام وطعام اور علاج معالجہ ادارے کے ذمے ہے،ہم بچوں کو اسلام کے زریں اصولوں پر تربیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں جس سے طلباء اپنی عملی زندگی میں ایک بہترین مسلمان بن کر معاشرے کی بہتری میں اپناکرداراداکرسکیں۔

مزیدخبریں