ملتان (سپیشل رپورٹر)ماں بولی سرائیکی ریلی اعوان چوک ملتان سے نکالی گئی جس کی قیادت چیئرمین سرائیکستان قومی کونسل ظہور دھریجہ، مرکزی رہنما سرائیکی پارٹی ملک جاوید چنڑ اور سرائیکستان قومی اتحاد کے رہنما شریف خان لاشاری نے کی۔ ظہور دھریجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں بولی کے عالمی دن کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی تمام زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دیا جائے اور ابتدائی تعلیم ماں بولی میں دی جائے۔ اقتدار پرست جماعتوں کی طرف سے دئیے گئے جنوبی پنجاب کے نام کو مسترد کرتے ہیں۔ سرائیکی وسیب کے لوگوں کو شناخت بھی چاہئے اور صوبہ بھی چاہئے۔ملک جاوید چنڑ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں بولیاں انسان کو انسان بناتی ہیں۔ وسیب کے تعلیمی اداروں میں سرائیکی پڑھائی جائے۔ وسیب کی تمام یونیورسٹیوں میں سرائیکی شعبے قائم کئے جائیں۔ شریف خان لاشاری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو اپنی مادری زبان میں تعلیم کا حق حاصل ہے۔ جبکہ سرائیکستان نوجوان تحریک نے سرائیکی زبان کو پرائمری تک رائج کرنے کے لیے گزشتہ روز چوک کمہارانوالہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا قیادت مرکزی راہنما ملک علی رضا راں اور سٹی صدر عاشق خان بلوچ نے کی۔
ریلی