ملتان (نیوز رپورٹر)13روپے فی یونٹ فلیٹ ریٹ پر عمل درآمد، گندم کی امدادی قیمت ، کھاد کی کنٹرول ریٹ پر دستیابی نہ ہونے اور بجلی ڈیزل بیج کھاد زرعی سپرے پر جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف پاکستان کسان اتحاد کی جانب سے ملتان سے ملتان میں پروفیسر ملک اسلم کی قیادت میں ایکسین میپکو ممتاز آباد کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ کسان پیکج میں 13 روپے فی یونٹ فلیٹ ریٹ کاجلد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔ون یونٹ ون ریٹ مقرر کیا جائے۔زرعی صارفین پر جنرل سیلز ٹیکس کا نفاذاور دو سو روپے فی کلو واٹ سیکس چارجز کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔پنجاب گورنمنٹ،سندھ گورنمنٹ کی طرح گندم کی امدادی قیمت 4000 روپے فی من کا جلد از جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ڈیزل بیج کھاد زرعی سپرے پرعاید جنرل سیلز ٹیکس ختم کر کے سستا کیا جائے۔کھاد کی ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرکے کنٹرول ریٹ پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔یکم مارچ تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے ہم اسلام آباد کی طرف پر امن مارچ کریں گے اور دھرنا دیں گے اور اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ۔